پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کیلئے ڈیش بورڈ قائم کیا جائے تاکہ صوبوں کے ساتھ ریل ٹائم میں ڈیٹا شیئر کیا جا سکے اور نقل و حمل کی نگرانی ممکن ہوسکے:وزیراعظم

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ہفتے تبدیل  مصنوعی قلت کرنیوالے پمپ بند‘لائسنس منسوخ کئے جائیں:شہبازشریف
وزیر پٹرولیم  صوبوں کا دورہ کریں ‘ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر  پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلا تعطل فراہمی کے لئے لائحہ عمل اور منصوبہ بندی  کریں‘ذخیرہ اندوزوں کے خلاف  سخت قانونی کارروائی  کی جائے
 آن لائن اور ورک فارم ہوم کے بارے میں سفارشات پیر کو پیش کی جائیں:شہبازشریف‘ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے  پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے:وزیراعظم کو بریفنگ
شہباز شریف کا آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ، ڈرون حملے کی مذمت‘آذربائیجان کے ساتھ کھڑے ہیں:وزیراعظم‘دونوں رہنمائوں کاخطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی پر زور
اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف  کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا  ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے  پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے ۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی  ذخیرہ اندوزوں کے خلاف  سخت قانونی کارروائی  کی جائے اور جو بھی پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس دھندے میں ملوث ہو، اسے فوری بند کیا جائے، لائسنس منسوخ کیا جائے اور قانونی چارہ جوئی کی جائے۔وزیراعظم نے وزیر پٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر  پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلا تعطل فراہمی کے لیے لائحہ عمل اور منصوبہ بندی تیار کریں ۔ اس کے علاوہ، پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کے لیے  ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت دی گئی، تاکہ صوبوں کے ساتھ ریل ٹائم میں ڈیٹا شیئر کیا جا سکے اور نقل و حمل کی نگرانی ممکن ہو۔ شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کی تجویز منظور کرلی۔اس کے علاوہ آن لائن اور ورک فارم ہوم کے بارے میں سفارشات پیر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ‘دریں اثناء  محمد شہباز شریف نے  آذربائیجان کے صدر  الہام علیوف  سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور آذربائیجان  کے علاقے ناخچیوان  پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ناخچیوان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت میں کھڑا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف کو  ایران  اور خلیجی خطے میں جاری صورتحال کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر صدر الہام علیوف نے ٹیلیفونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی اور حمایت کے جذبات کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔