حمل ضائع کرنے کی کوشش ،عروج فاطمہ کو پکڑ کر دیواروں کے ساتھ ٹکریں مارتے رہے
گوجرانوالہ(آئی این پی )گوجرانوالہ کے علاقے واپڈا ٹائون میں الٹراسائونڈ میں دوبارہ بیٹی کی رپورٹ آنے پر سسرالیوں نے مبینہ طورپر چھ ماہ کی حاملہ بہو کوشدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔متاثرہ خاتون عروج فاطمہ کے والد امجد جاوید کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج ایف آئی آر کے مطابق، عروج کی شادی ڈیڑھ سال قبل واپڈا ٹائون کے رہائشی طیب منان سے ہوئی تھی اور ان کا پہلے سے ایک بچہ (بیٹی) موجود ہے۔متاثرہ خاتون کے والد کا الزام ہے کہ بیٹی کی دوسری بار بھی بیٹی ہونے کی الٹراسانڈ رپورٹ آنے پر شوہر اور اس کے اہل خانہ شدید غصے میں آگئے اور اس پر تشدد شروع کر دیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق، ملزمان نے حمل ضائع کرنے کی کوشش بھی کی اور خاتون کو پکڑ کر دیواروں کے ساتھ ٹکریں مارتے رہے۔تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ تو درج کر لیا ہے، تاہم واقعے کو کافی وقت گزرنے کے باوجود تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔