مصطفی آباد میں سسرالیوں کا بہو پر وحشیانہ تشدد

خاتون پر گھرمیں گھس کر تشدد، چہرے پر زخم، 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی، ملزمان کی جلد گرفتاری کا عندیہ
لاہور ( کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے مصطفی آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سسرالیوں نے بہو پر بہیمانہ تشدد کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان گھر میں گھس کر رقیہ نامی خاتون کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں چار خواتین سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق رقیہ کے چہرے پر تشدد سے زخم آئے جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی نشان پائے گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔