عروج فاطمہ کو پکڑ کر دیواروں سے ٹکریں مارنے، حمل ضائع کرنے کی کوشش
مقدمہ درج، واقعے کے باوجود پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی
گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ) گوجرانوالہ کے علاقے واپڈا ٹاو ن میں الٹراسائونڈ میں دوبارہ بیٹی کی رپورٹ آنے پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر چھ ماہ کی حاملہ بہو کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔متاثرہ خاتون عروج فاطمہ کے والد امجد جاوید کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج ایف آئی آر کے مطابق عروج کی شادی ڈیڑھ سال قبل واپڈا ٹاون کے رہائشی طیب منان سے ہوئی تھی اور ان کا پہلے سے ایک بچہ (بیٹی) موجود ہے۔ متاثرہ خاتون کے والد کا الزام ہے کہ دوسری بار بھی بیٹی ہونے کی الٹراسائونڈ رپورٹ آنے پر شوہر اور اس کے اہل خانہ شدید غصے میں آگئے اور عروج فاطمہ پر تشدد شروع کر دیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے حمل ضائع کرنے کی کوشش بھی کی اور خاتون کو پکڑ کر دیواروں کے ساتھ ٹکریں مارتے رہے۔ تھانہ صدر پولیس نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم واقعے کو کافی وقت گزرنے کے باوجود تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔