بنوں میں خوارج کا بزدلانہ حملہ، عوامی رابطہ پل دھماکے سے تباہ

بنوں میں خوارج کا بزدلانہ حملہ، عوامی رابطہ پل دھماکے سے تباہ

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے عوامی رابطہ پل دھماکے سے تباہ کر دیا، جس سے علاقے میں شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تحصیل جانی خیل میں پیش آیا، جہاں خوارج نے مالی خیل کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے رابطہ پل کے نیچے بارودی مواد نصب کیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس سے نہ صرف ٹریفک بند ہوئی بلکہ کئی مقامی افراد، خاص طور پر بیمار اور ضعیف افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقائی لوگ اس کارروائی پر شدید غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور اسے علاقے کے امن اور ترقی کے لیے ایک براہِ راست حملہ قرار دے رہے ہیں۔

 اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑکیں، پل، مساجد اور مدارس عوامی سہولت کے لیے بنائے گئے ہیں، اور ان کی تباہی قابل مذمت ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خوارج کی شناخت ابھی تک واضح نہیں ہوئی، لیکن یہ عمل علاقے کی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حکام نے اس معاملے کی تحقیقات اور دوبارہ اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔