صوبہ خیبر پختونخوا میں مختلف مقامات پر دھماکوں اور تخریبی کارروائیوں کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ بارودی مواد کا دھماکا بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے میریان میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف شہروں کو گیس کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہو گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی ادارے اور متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب پشاور کے کوہاٹ روڈ پر بھی بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دھماکوں کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔