پشاور: بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کو سراہا ہے۔پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے گزشتہ نصف شب کنگر پل پولیس چوکی پر حملہ کیا، تاہم چوکی پر تعینات چوکس اہلکاروں نے فوری طور پر دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مؤثر جواب دیا اور ان کی کوشش ناکام بنا دی۔حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے تازہ دم دستے، کوئیک رسپانس فورس اور سی ٹی ڈی کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے، جہاں کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 4 خوارج کی لاشیں ملیں، جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے دہشتگردوں کے حملے کا بروقت اور مؤثر جواب دینے پر بنوں پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں دہشتگردوں کے حملے کو کامیابی سے پسپا کرنا پولیس اہلکاروں کی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشتگردوں کے لیے خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں اور ان کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
محسن نقوی کی پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے اور جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنایا۔