خضدار؛ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک، 10 زخمی، کارروائی جاری

خضدار؛ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک، 10 زخمی، کارروائی جاری

خضدار: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے ایک موثر آپریشن کے دوران ضلع خضدار کے علاقے زہری میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں اب تک 7 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

 آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا، جن میں بتایا گیا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے عناصر زہری کے ملحقہ پہاڑوں میں موجود ہیں اور مقامی لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔آپریشن میں بڑی تعداد میں زمینی فورسز کے ساتھ ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈیز، ٹرانسمیٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار، گرینیڈ، گولیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بدوکشت کے مرکزی پل پر نصب ایک بڑی آئی ای ڈی کو کامیابی سے ناکارہ بنایا۔ سیکیورٹی ادارے زہری اور بلوچستان میں بھارت کے ایماء پر تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔