اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار افراد میں ایک سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد فورسز نے بروقت کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کو زندہ گرفتار بھی کیا گیا، جن میں سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک اور ممکنہ منصوبوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کر دیں، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا گھیراؤ برقرار رکھا ہوا ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور حملوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے، جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔