خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف تازہ کارروائیوں میں 11 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔

 یہ آپریشنز خصوصی معلومات کی بنیاد پر انجام دیے گئے ہیں اور ان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے عناصر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں، جن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان کارروائیوں کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بارودی مواد سے تباہ کیا گیا ہے۔اسی طرح، جنوبی وزیرستان کے لدھا علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر طریقے سے کارروائی انجام دی، جس کے بعد دہشت گرد مارے گئے۔بلوچستان کے ضلع خضدار کے ساسول علاقے میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ یہ کارروائی کوارڈ کاپٹر کی مدد سے انجام دی گئی، اور اس دوران یہ یقینی بنایا گیا کہ مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور عوام کا تحفظ برقرار رہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کا مقصد دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔