7ہزار180لٹر مضر صحت دودھ تلف، 3ٹینکر ضبط

دودھ بردار گاڑیوں ،دکانوںکا معائنہ، 3 سپلائرز پرمقدمات، کولیکشن سنٹر بند 
لاہور (خصوصی رپورٹ)فوڈاتھارٹی ٹیموں نے لاہور سپلائی ہونے والے دودھ کامعائنہ کیا، 7ہزار180لٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا، 22 دودھ بردار گاڑیوں اور ڈیری شاپس کی چیکنگ کے دوران 3 سپلائرز کیخلاف مقدمات درج کروا کر1ڈیری کولیکشن سنٹر بند کر دیا گیا۔57 ہزار لٹر سے زائد دودھ کامعائنہ کیاگیا ، ناقص دودھ تلف کر کے 3ٹینکر ضبط کیے گئے، موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا دودھ میں پانی، پائوڈر، گھی کی ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کی کمی پائی گئی،سپلائر پک اپ گاڑی میں پلاسٹک ٹینک چھپا کر دودھ سپلائی کیلئے لارہے تھے۔ڈیری فارم سے صارف تک پہنچنے والے دودھ کی چیکنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے، جعلساز مافیا کا ہر ہتھکنڈا ناکام بنا کر پنجاب کو ملاوٹ سے پاک کرنے کا مشن جاری ہے، شہری خوراک کے متعلق شکایت کی1223پر اطلاع دیں،فوری کارروائی ہوگی۔