3,700 لیٹر ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ تلف

 3 ملزم گرفتار ،مقدمات درج ،گاڑی اور ایک پلنجر زیر تحویل 
لاہور (کرائم رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3,700 لیٹر ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ تلف کر دیا، جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیم پتوکی نے ملتان روڈ نزد حلیب فوڈ گاڑی کو روک کر دودھ کی جانچ کی۔ موقع پر کیے گئے ابتدائی ٹیسٹ کے دوران دودھ کے مقررہ معیار پر پورا نہ اترا، جس کے بعد نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ لیبارٹری رپورٹ میں دودھ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری ثابت ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 2,000 لیٹر مضر صحت دودھ موقع پر ہی تلف کر دیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی اور ایک پلنجر قبضے میں لے لیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔اسی سلسلے میں چونیاں میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے قریب چھانگا مانگا روڈ پر گاڑی کو روک کر دودھ کا معائنہ کیا، جس میں دودھ غیر معیاری پایا گیا۔ مشکوک دودھ کے نمونے لاہور لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں رپورٹ میں دودھ ملاوٹ شدہ اور سب سٹینڈرڈ قرار دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 1,700 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کر دیا، گاڑی اور ایک پلنجر قبضے میں لے لیا جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔