لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک بڑی کارروائی میں700لٹر جعلی اور مضر صحت دودھ تلف کر کے مقدمہ درج کر لیا۔سپلائر پک اپ،13 پلاسٹک ڈرم، 4سٹیل ڈرم اور پلنجر ضبط کر لئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق ویجی لینس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی، لیبارٹری تجزیے میں دودھ کے ٹیسٹ ناقص قرار پائے گئے، پک اپ نمبری LEI-3115 میں جعلی دودھ ترسیل کیا جارہا تھا، سپلائر کے پاس انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات عدم موجود پائی گئیں، تلف کردہ دودھ لاہور اور مضافات میں سپلائی کیا جانا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کے تدارک کے لیے 24 گھنٹے ناکہ بندیاں، آپریشنز جاری ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں سپلائی ہونے والے دودھ کی تفصیلی چیکنگ کی جارہی ہے، شہری گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو مفت چیک کروا سکتے ہیں۔