پشاور: ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو جاری کیے گئے نوٹسز معطل کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم کے حکام اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے کی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اگلی سماعت پر تمام فریقین جواب داخل کریں۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صحافیوں کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے نوٹس دیے گئے ہیں، تاہم ان میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ انہیں کس جرم میں طلب کیا گیا ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے نوٹسز معطل کر چکی ہے اور عدالت کے آرڈرز ریکارڈ پر موجود ہیں۔عدالت نے نوٹسز کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے تحریری جواب طلب کر لیا۔