کراچی: خلیج کیمبے اور گجرات کے قریب موجود کم دباؤ کے علاقے پر محکمہ موسمیات نے سائیکلون کا دوسرا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 340 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے اور امکان ہے کہ یہ آج رات یا کل صبح تک خلیج کَچھ کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں شدت اختیار کر لے گا۔ماہرین کے مطابق سازگار ماحولیاتی حالات اور سمندر کی سطح کا درجہ حرارت بڑھنے سے یہ نظام مزید شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے اور ابتدائی طور پر مغرب پھر جنوب مغرب کی سمت بڑھے گا۔
اس کے زیر اثر سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ مٹیاری اور کراچی ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں ہوائیں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، اس لیے ماہی گیروں کو 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی کا سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔