کراچی: محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی بحیرہ عرب پر موجود دوسرے ٹروپیکل سائیکلون کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، دباؤ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سست روی کے ساتھ شمال اور شمال مشرقی سمت کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ سائیکلون کا مرکز کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 1690 کلومیٹر دور ہے، جبکہ بھارت کے لکش دیپ کے مغرب اور جنوب مغرب میں 570 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دباؤ کا رخ شمال مشرق کی طرف رہنے کا امکان ہے، اور فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں ہے۔ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی مسلسل اس نظام کی نگرانی کر رہا ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ممکنہ موسمی اثرات اور پیش رفت کے حوالے سے محکمہ موسمیات حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے رہا ہے۔