ہیٹ ویو الرٹ: سندھ میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

ہیٹ ویو الرٹ: سندھ میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر سسٹم مزید مضبوط ہونے کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ جبکہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔حکام نے عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کاشت کاروں کو بھی موسمی حالات کے مطابق فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی طلب میں اضافے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں اس دوران جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔