نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ امن منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے لیے پائیدار امن اور ترقی کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔
مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں طویل المدتی امن، سلامتی اور ترقی کے لیے راستہ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریق صدر ٹرمپ کی اس کوشش کی حمایت کریں گے تاکہ خطے میں جاری تنازع ختم ہو سکے۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے اپنے 20 نکاتی منصوبے میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو جیسے اقدامات شامل کیے ہیں۔اس منصوبے کو کئی مسلم اور یورپی ممالک کی جانب سے بھی مثبت ردعمل ملا ہے۔