وزیر اعظم شہباز شریف کا آذربائیجان اور آرمینیا کے تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم

وزیر اعظم شہباز شریف کا آذربائیجان اور آرمینیا کے تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم نے ہفتے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے، جو اس خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی قفقاز کا علاقہ طویل عرصے سے تنازعات اور انسانی المیوں کی لپیٹ میں رہا ہے، اور اس امن معاہدے سے خطے کے عوام کو ایک نئی امید ملی ہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک آذربائیجان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کے قیام میں امریکہ کے سہولت کار کردار کو بھی سراہتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔