ملک بھر میں موسم گرم و خشک، کراچی و سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان

ملک بھر میں موسم گرم و خشک، کراچی و سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم جنوب مشرقی سندھ کے مختلف اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

لاہور
لاہور میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد تک پہنچنے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی زیادہ پئیں اور دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے پرہیز کریں۔

کراچی
شہر قائد میں موسم شدید گرم اور مرطوب ہوگیا ہے۔ بھارت کے علاقے گجرات میں موجود لو پریشر سسٹم کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہو چکی ہیں جس سے حبس کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ موجودہ لو پریشر شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے اور مرطوب ہوائیں سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس موسمی صورتحال کے باعث کراچی میں آج شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا، جبکہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ آندھی اور بارش کا بھی امکان ہے۔
صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ گیا تھا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج موسم شدید گرم رہے گا۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی، تاہم مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

دیگر علاقے
پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپور خاص، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، خیرپور، جامشورو، حیدرآباد، کراچی، سجاول اور ٹھٹھہ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں۔