ویب ڈیسک: لاہور شہر کا مطلع صاف رہے گا اور موسم گرم و خشک ہوگا، جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سنٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سنٹی گریڈ رہے گا۔ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد رہے گا۔محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، تاہم آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ جہلم اور چکوال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم و خشک رہے گا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا کے مطابق مون سون کے سیزن کا اختتام ہو گیا ہے اور آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں سے پانی نکلنا شروع ہو گیا ہے اور چناب میں مرالہ سے لے کر پنجند تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جس سے علی پور، ملتان اور جلال پور کے متاثرہ علاقے اب بحالی کی جانب گامزن ہیں۔