ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں سردی کے ساتھ فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔لاہور میں خشک موسم کے باعث فضائی معیار شدید متاثر ہوا ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) تشویشناک سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں مجموعی آلودگی کی شرح 484 تک پہنچ گئی، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح کچھ یوں ریکارڈ کی گئی:
سول سیکرٹریٹ: 941
جوہر ٹاؤن: 696
کینٹ: 263
عسکری ٹین: 221
اقبال ٹاؤن: 186
گلبرگ ٹو: 161
ڈی ایچ اے فیز فائیو: 142
برکی روڈ: 192
بیدیاں روڈ: 112
ماہرین کے مطابق سرد اور خشک موسم، ٹریفک کا دباؤ، صنعتی دھواں اور فصلوں کی باقیات جلانا فضائی آلودگی میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور مریض افراد کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے اور محکمہ موسمیات نے آج شام بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جڑواں شہروں سمیت مری، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں آج اور کل برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بالخصوص بالائی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ چاغی، تفتان، کچاو، سیندک، نوکنڈی اور برابچاہ کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دالبندین شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، تاہم بارش پر کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں مزید موسم سرما کی بارشوں کا امکان بھی موجود ہے۔