آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
میکسویل کو بولنگ کے دوران ایک بدقسمت لمحے میں اس وقت انجری کا سامنا کرنا پڑا جب مچل اوون کی طاقتور شاٹ ان کی کلائی پر جا لگی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ انہیں فوراً میدان سے باہر لے جانا پڑا۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میکسویل کی کلائی میں فریکچر کی تصدیق ہو گئی ہے اور وہ آئندہ میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے تاکہ ٹیم بیلنس کو برقرار رکھا جا سکے۔
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ تاہم، میکسویل کی غیر موجودگی سے آسٹریلوی بیٹنگ اور اسپن آل راؤنڈ آپشنز کو یقینی طور پر دھچکا لگا ہے۔