پاکستان میں اس وقت پیٹ فوڈ تیار کرنے کا ایک بھی کارخانہ موجود نہیں
چینی کمپنیاں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن سہولت دیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ جہاں چین کے قونصل جنرل ڑاؤ شیرن سے ملاقات کی۔اس موقع پرچینی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے،چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ وی وو موبائل کمپنی کا فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں موبائل مینو فیکچرنگ کا کارخانہ لگ رہا ہے،چین کی ایک کمپنی پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگا رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت پیٹ فوڈ تیار کرنے کا ایک بھی کارخانہ موجود نہیں ہے،پنجاب میں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے چینی کمپنیاں پنجاب میں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن سہولت دیں گے چینی قونصل نے کہاکہ چائنیز قونصلیٹ کی ٹیم فیڈمک اور قائد اعظم بزنس پارک کا دورہ کرے گی۔ملاقات میں چائنیز قونصلیٹ کے حکام بھی موجود تھے۔