سویڈن کیساتھ تعلقات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون عوامی روابط کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا
اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے،یوسف رضا گیلانی کی سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا کانیل برخ سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے ، سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کریں گے ،پاکستان سویڈن کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون عوامی روابط کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا۔چیئرمین سینیٹ سے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا کانیل برخ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو خوش آمدید کہا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات 75سال پر محیط ، دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں،بین الاقوامی فورمز پر تعاون مثبت ہے۔ یوسف رضا گیلانی کاکہناتھا زراعت ، تعلیم ، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے،پاکستان میں چمڑے کی مصنوعات کی تیاری کی مہارت موجود ہے، کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون عوامی روابط کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ چیئرمین سینیٹ نے سویڈش سفیر کو ایوان بالا کے کام کے طریقہ کار ، اہمیت ، آئینی کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا کہناتھا کہ سینیٹ میں پاکستان سویڈن فرینڈشپ تشکیل دیا گیا ہے،پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے طلباء کے لیے سکالرشپس بڑھانے کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے سویڈن کو نیٹو کا رکن بننے پر بھی مبارکباد دی۔انکامزید کہناتھا کہ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے سویڈن کی سفیر کو ملتان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔