چین کی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری سے معاشی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں:صوبائی وزیر
چودھری شافع حسین سے پاکستان حونان چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات سرمایہ کاری پر بات چیت
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان - حونان چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں چین کی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان - حونان چیمبر آف کامرس اور محکمہ صنعت و تجارت کے مابین باہمی تعاون اور اشتراک کا معاہدہ موجود ہے۔معاہدے پر عملدرآمد کے باعث چین کی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے آرہی ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ حونان چیمبر آف کامرس چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی یہاں منتقلی کے لئے سہولت کاری کرے۔حکومت چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کو سپیشل اکنامک زونز میں زمین کی فراہمی کے ساتھ ہرممکن سہولیات دے گی۔چین کی انڈسٹری کی پنجاب منتقلی سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا اور چین کی ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوگی۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کیلئے ای وی سیکٹر،پیٹ فیڈ انڈسٹری،زراعت،سیاحت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں ابھی تک ای وی چارجنگ اسیمبلنگ کا ایک بھی پلانٹ موجود نہیں ہے۔پنجاب میں ای وی چارجنگ کا ایسمبلنگ پلانٹ لگانے کا بہترین وقت ہے۔