عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں شٹر ڈائو ن ہڑتال‘کارکنوں کی فائرنگ‘11شہری زخمی احتجاج حق ہے مگر انتشار سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے :ڈی جی آئی ایس پی آر

مظفرآباد،پونچھ،میرپور،کوٹلی    میں تجارتی مراکز،بازار اور لاری اڈے بند رہے، سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ، سرکاری اورنجی سکولوں  میں طلبا نہ آئے‘، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس  دوسرے روز بھی بندرہی 
 تمام  چھوٹے بڑے شہروں اوردیہات میںعوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی،ریلیاں اور جلسے جلوس نکالے گئے،مطالبات کے حق میں نعرے بازی ‘ شہباز شریف نے کہا  ہے ایکشن کمیٹی کے ذمہ داروں کو  بلائوں گا:رکن کمیٹی
آزاد کشمیر میں سیاسی سسٹم ہے جو کام کر رہا ہے،تمام اشاریے بشمول تعلیم صحت اور انفراسٹرکچر بہت بہتر ہیں، اگر ریاست ٹیکس نہیں لے گی تو مراعات اور تنخواہیں کیسے دے گی، 30فیصد سے زائد لوگ سرکاری نوکری کرتے ہیں :ڈی جی آئی ایس پی آر
 مظفر آباد (آئی این پی ‘آن لائن) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر بھر میں پیر کو شٹر ڈائو ن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ، مظفرآباد،پونچھ،میرپور،کوٹلی   ڈویژ نز  میں تجارتی مراکز،بازار اور لاری اڈے بند رہے  جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہی ۔  علی  الصبح    کھلنے والے ہوٹل اور دکانیں بھی بند  رہیں  ۔ سرکاری اورنجی سکولوں  میں طلبا نہیں آئے۔  اس دوران آزادکشمیر بھر میں تمام  چھوٹے بڑے شہروں اوردیہات میںعوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کئے گئے ۔مظاہرین نے بینرز اورکتبے اٹھارکھے تھے او رمطالبات کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ۔ادھر  آزاد کشمیرمیں دوسرے روز بھی انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند ہے، پہلی مرتبہ لینڈ لائن ٹیلی فون سروس بھی مکمل بند ہے۔  کشمیر کے شہریوں کے ریاست کے باہر رابطے منقطع ہو کر رہ گئے۔بیرون ملک کشمیریوں  کے بھی اپنے پیاروں سے  رابطے نہیں ہوسکے۔ مسلم لیگ ن کے کشمیر کے ایک سینیئر عہدے دار اور سابق وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے  گزشتہ شام لندن میں میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عوامی ایکشن کمیٹی کو اپنی ہڑتال منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے  میرا یہ پیغام عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ دارو  تک پہنچا دیں  میں دو دن میں پاکستان پہنچ جائوں گا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داروں کو میں خود بلائوں گا۔مشتاق منہاس  نے کہا   وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی اپیل کی کشمیریوں کے جو بھی مسائل ہیں، ان سے متعلق وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔ مظفرآباد میں مسلم کانفرنس کی امن ریلی پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح شر پسندوں نے حملہ کر دیا، مسلح شر پسندوں کی فائرنگ سے 11 شہری زخمی ہوگئے۔ٹل میں بھی عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح شر پسندوں نے ایمبولینس کا راستہ روک لیا جس کی وجہ سے بزرگ شہری محمد صادق وفات پا گئے۔علاقے کے عوام نے ایمبولینس روکے جانے پر غصے میں آ کر عوامی ایکشن کمیٹی کی کھڑی رکاوٹیں اٹھا کر پھینک دیں۔دریں اثناء  ڈی جی آئی ایس پی آر کا آزاد کشمیر کی مختلف جامعات کے طلبہ سے پلندری میں خطاب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے 15 ستمبر کو پلندری آزاد کشمیر میں مختلف جامعات کے ایک ہزار سے زائد طلبا اور اساتذہ  کے سوالات کا جواب دیا۔ سوال جواب کے چند حصوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئی ہے ۔عوامی ایکشن کمیٹی کی توڑ پھوڑ کی سیاست پر سوال  ہوا تو ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا  آزاد کشمیر میں سیاسی سسٹم ہے جو کام کر رہا ہے، آزاد کشمیر میں تمام اشاریے بشمول تعلیم صحت اور انفراسٹرکچر بہت بہتر ہیں، اگر ریاست ٹیکس نہیں لے گی تو مراعات اور تنخواہیں کیسے دے گی، 30فیصد سے زائد آزاد کشمیر کے لوگ سرکاری نوکری کرتے ہیں ،احتجاج حق ہے مگر انتشار سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے ،اللہ نے کشمیر کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے ، پاکستان کا خواب دیکھنے والے کا تعلق بھی کشمیر سے تھا ، فوج میں متعدد آفیسرز اور جوان کشمیری ہیں ، کشمیر کا مستقبل "کشمیر بنے گا پاکستان" ہے ۔