آزاد کشمیر : متنازعہ صدارتی آرڈیننس کیخلاف شٹر ڈائون ہڑتال ، تعلیمی ادارے بند

 مظفر آباد، میر پور، باغ، برنالہ ‘اٹھ مقام اور نیلم سمیت  مختلف مقامات پر ہڑتال کے باعث  پاکستان  جانیوالی  ٹریفک بھی معطل  رہی 
حکومت نے ایک ماہ قبل آرڈیننس کے ذریعے احتجاجی جلسے، جلوس، مظاہروں پر پابندی لگائی تھی جس کے بعد سے احتجاج جاری ہے

 مظفر آباد(آئی  این پی )آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں متنازعہ  صدارتی آرڈیننس کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر  جمعرات مکمل شٹر ڈاون ہڑتال  کی گئی جس کے باعت  کاروباری مراکز ، بازار اور تعلیمی ادارے بند  رہے ۔نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ۔ مظفر آباد، میر پور، باغ، برنالہ اور اٹھ مقام اور نیلم سمیت وادی آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر ہڑتال کے باعث بین الاضلاعی اور پاکستان کے مختلف صوبوں کیلئے چلنے والی ٹریفک بھی معطل  رہی ،عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے خلاف آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران درجنوں شہری گرفتار ہیں، ہڑتال اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔  یادرہے  حکومت آزاد کشمیر نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے احتجاجی جلسے، جلوس، مظاہروں پر پابندی لگائی تھی، آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 7 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ ایک دن قبل صدارتی آرڈیننس کو عارضی طور پر معطل کر چکی ہے۔