پی ٹی آئی سول نافرمانی تحریک لٹک گئی
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے واضح ہدایات نہ ملنے کے باعث پی ٹی آئی سول نافرمانی تحریک شروع نہیں کرسکی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت کسی پی ٹی آئی رہنما کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوسکی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے واضح ہدایات نہ ملنے کے باعث پی ٹی آئی آج سے سول نافرمانی تحریک شروع نہیں کرسکی۔آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت کسی پی ٹی آئی رہنما کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوسکی۔پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جیل سے باہر موجود پارٹی قیادت نے بانی پی ٹی آئی سے درخواست کی ہے کہ مذاکرات کو ایک موقع اور دیا جائے۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن چاہے تو مائنس نواز یا مائنس شہباز مذاکرات کرلے لیکن پی ٹی آئی مائنس بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کرے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو پی ٹی آئی تیار ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال واپس نہیں لی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ سول نافرمانی کی کال بانی پی ٹی آئی نے دی ہے اور کال واپس نہیں لی ۔انہوں نے کہا کہ بانی کی کسی بھی کال کی پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اورعوام مکمل حمایت کریں گے۔