بہاولنگر میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو عدالت نے سخت سزا سنائی ہے۔
سینئر سول جج محمد ضیاء خان نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو چار سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق، اگر ملزم جرمانہ ادا نہیں کرتا تو اسے مزید 14 ماہ قید کی سزاکا سامنا کرنا ہوگا۔یہ کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی تھی، جس میں پتہ چلا کہ ملزم مردہ مرغیوں کا گوشت بازار میں فروخت کر رہا تھا، جو کہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا تھا، اور عدالت نے اس مقدمے میں ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے یہ سخت سزا سنائی ہے تاکہ آئندہ کے لیے اس نوعیت کے جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔