کراچی: مختلف حادثات میں ایک شخص اور خاتون جاں بحق، ڈیفنس میں مرغیوں سے بھرا ٹرک الٹ گیا

کراچی: مختلف حادثات میں ایک شخص اور خاتون جاں بحق، ڈیفنس میں مرغیوں سے بھرا ٹرک الٹ گیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں ایک شخص اور ایک خاتون جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ڈیفنس میں مرغیوں سے بھرا ایک ٹرک الٹنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

چھیپا حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 5 کے علاقے خیابان بدر کے قریب گن صاف کرتے ہوئے اچانک گولی چلنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت دل مراد کے نام سے ہوئی۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ واقعہ حادثاتی تھا یا اس کے پسِ پردہ کوئی اور وجہ موجود ہے۔دوسری جانب ایم اے جناح روڈ پر سیون ڈے اسپتال کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ چھیپا حکام کے مطابق متوفیہ کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ان کی شناخت 50 سالہ شمیم فاروق کے نام سے ہوئی۔ پولیس نامعلوم گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔

ادھر ڈیفنس میں گولڈ مارک کے قریب مرغیوں سے بھرا ایک ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے نتیجے میں متعدد مرغیاں ہلاک ہوگئیں، جبکہ سڑک پر مرغیاں بکھر جانے سے کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹریفک کی روانی بحال کرانے کے لیے اقدامات کیے۔ بعد ازاں ٹرک کو سڑک سے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا، جس کے بعد ٹریفک معمول پر آ گئی۔