سی سی ڈی لاہور کا انسپکٹر اغوا کی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا

 انسپکٹر جاوید اقبال نے اہلکار کے ساتھ مل کر تاجر کو اغوا ، 40 لاکھ طلب کیے
 کرائے کی گاڑی استعمال کی،رقم لانے والے  اہل خانہ کو مختلف مقامات پر گھماتے رہے
دوران تفتیش انسپکٹر جاوید اقبال اور اہلکار توصیف کا بھانڈا پھوٹ گیا،سی سی ڈی کے حوالے
لاہور(کرائم رپور ٹر)کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) لاہو ر کا انسپکٹر اغوا برائے تاوان کی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔لاہور پولیس کے مطابق انسپکٹر جاوید اقبال نے اہلکار کے ساتھ مل کر کاہنہ کے تاجر کو اغوا کیا اور مغوی کے اہلخانہ سے 40 لاکھ روپے طلب کیے۔پولیس حکام کے مطابق رقم لانے والے مغوی کے اہل خانہ کو ملزمان مختلف مقامات پر گھماتے رہے اور ایل او ایس کے قریب رقم وصول کرلی۔پولیس کے مطابق تاجر کو رہائی ملتے ہی کاہنہ پولیس نے اغوا کاروں کو دبوچ لیا، دوران تفتیش انسپکٹر جاوید اقبال اور اہلکار توصیف کا بھانڈا پھوٹ گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزموں نے اغوا کی واردات کیلیے کرائے کی گاڑی استعمال کی، گرفتار ملزمان سی سی ڈی ماڈل ٹاون کے حوالے کردیے گئے۔