پنجاب پولیس کا سموگ کے خلاف آپریشن، متعدد مقدمات اور بھاری جرمانے عائد

پنجاب پولیس کا سموگ کے خلاف آپریشن، متعدد مقدمات اور بھاری جرمانے عائد

پنجاب پولیس کی جانب سے سموگ، ماحولیاتی آلودگی اور ماحول کے تحفظ کے لیے جاری کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور متعدد قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 105 افراد پر 9 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے اور 52 افراد کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔کارروائی میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 9 مقدمات، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 150 مقدمات، صنعتی سرگرمیوں کے 8 اور اینٹوں کے بھٹوں کے 22 خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 1864 مقدمات درج کیے گئے، 1801 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 60,498 افراد پر 16 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے کے 585، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 55,842، صنعتی سرگرمیوں کی 1,665 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3,212 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع میں شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز، اور حساس مقامات پر کریک ڈاؤن تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، اور ہدایت دی ہے کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں مؤثر کمی لائی جا سکے۔