"پنجاب میں سموگ فری مہم: 13,820 گاڑیاں بند، 7.28 کروڑ روپے جرمانے"

ویب ڈیسک:ٹریفک پولیس نے پنجاب بھر میں سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے رواں ماہ 13,820 گاڑیوں کو بند کیا اور 7 کروڑ 28 لاکھ 18 ہزار روپے سے زائد جرمانے وصول کیے۔ اس کے علاوہ، 36,409 سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جن پر آلودگی پیدا کرنے کی وجہ سے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

مہم کے دوران، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کرنے کا عمل بھی جاری ہے، جس کے تحت 60 سے زائد گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے اور 40 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ، 25 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔اس مہم میں ٹریفک پولیس کی کوششوں کی بنا پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے جرمانوں میں اس سال 53 فیصد تک اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے سموگ فری پنجاب کے لیے مزید ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور سی ٹی اوز (سٹی ٹریفک آفیسرز) اور ڈی ٹی اوز (ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک رہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں یہ کریک ڈاؤن شہریوں کی صحت اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ سموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودگی کے اثرات پر قابو پایا جا سکے۔