پنجاب پولیس کا سموگ کے خلاف کارروائیاں تیز، جرمانے اور گرفتاریوں کی شرح میں اضافہ

پنجاب پولیس کا سموگ کے خلاف کارروائیاں تیز، جرمانے اور گرفتاریوں کی شرح میں اضافہ

پنجاب پولیس نے سموگ اور آلودگی کی روک تھام کے لیے صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے کریک ڈاؤن میں 14 مقدمات درج کیے گئے اور متعدد قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس دوران 115 افراد پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے سے زیادہ جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 53 افراد کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔کارروائیوں کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 86 مقدمات، صنعتی سرگرمیوں کے خلاف 5 مقدمات اور اینٹوں کے بھٹوں کی خلاف ورزیوں کے 10 مقدمات درج کئے گئے۔ رواں سال کے دوران اب تک 1642 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 1571 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ، 60 ہزار سے زائد افراد پر 15 کروڑ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ 15 ہزار 806 افراد کو وارننگز جاری کی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ شاہراہوں، صنعتی علاقوں اور دیگر اہم مقامات پر جاری کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے اور کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے تاکہ ہوا کی معیار کو بہتر بنانے اور صحت کے خطرات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔