چودھری یاسین وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد‘بلاول بھٹو نے منظوری دیدی

آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ  کے لئے فہرست میں  لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان  کے نام  بھی شامل تھے
وزیراعظم  انوارالحق نے مستعفی ہونے کیلئے شرط عائد کردی‘حامی وزرا ء اور ارکان اسمبلی کیلئے  فنڈز اور جاری منصوبوں کی گارنٹی مانگ لی
اسلام آباد‘مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کا نام فائنل کرلیا۔ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے وزارت عظمیٰ کیلئے چودھری یاسین کی منظوری دے دی، چودھری یاسین کا نام بلاول بھٹو کے ساتھ اجلاس میں اناؤنس کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کی فہرست میں چودھری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان کا نام شامل تھا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چودھری یاسین کا نام فائنل کرلیا،ذرائع کاکہنا ہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھی آئندہ 24 گھنٹے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری  انوارالحق نے مستعفی ہونے کے لیے شرط عائد کر دی۔ذرائع کے مطابق چودھری  انوارالحق نے حامی وزرا اور اراکین اسمبلی کے لیے ترقیاتی فنڈز اور جاری منصوبوں کی گارنٹی مانگ لی۔ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے وزرا اور ٹکٹ ہولڈرز کو بھی آئندہ الیکشن سے قبل برابری کی بنیاد پر فنڈز دیے جائیں۔