بیرسٹر افتخار گیلانی ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب ہوئے‘کشمیر کے غیور عوام کو یقین دلاتا ہوں ان کے عزت و وقار پر سمجھوتہ نہیں کرونگا: صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر
اسلام آباد(آئی این پی ) مسلم لیگ ن نے بیرسٹر افتخار گیلانی کا نام وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے فائنل کرلیا،قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب آج کو ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہائو س میں آزادکشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور بیرسٹرافتخارگیلانی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادکشمیر میں حکومت سازی پرتفصیلی مشاورت ہوئی اور مسلم لیگ ن کی نئی حکومت کے قیام پر اہم فیصلے کئے گئے۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی کا نام وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے فائنل کردیا گیا ہے۔بیرسٹر افتخار گیلانی ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔اجلاس میں حکومت سازی کے آئندہ کے لائحہ عمل اور دیگر امورپربھی غورکیا گیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب آج 28 اگست کو ہوگا۔ وزارت عظمی کی دوڑ میں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی شامل ہیں، تاہم شاہ غلام قادر کو موزوں ترین امیدوار قرار دیا جا رہا تھا۔شاہ غلام قادر کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ افتخار گیلانی کی نامزدگی پر دلبرداشتہ ہیں۔ اس بات کا اشارہ ان کی پارٹی اجلاس کے بعد ایکس پر کی گئی پوسٹ میں بھی دیا یگا ۔انہوں نے نواز شریف کے نعرہ ووٹ کو عزت دو کو یقینی بنانے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے غیور عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے عزت و وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرونگا ۔راجہ فاروق حیدر نے بھی فیصلے کو مسترد کردیا