جو آرمی چیف انہیں اقتدار میں رکھے وہ پی ٹی آئی کا باپ ہوتا ہے‘ مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو صرف اسٹیبلشمنٹ سے! آرمی چیف کے آگے سجدہ ریز ہونے کو تیار ہو
جب بات نہ بنے تو پھردوبارہ 9 مئی کی کوشش اور امریکی غلامی منظور ہی منظور‘ پی ٹی آئی والے ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے وطن فروشی کر رہے ہیں : ایکس پر جاری بیان
اسلام آباد (یو این پی‘آئی این پی) وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا ہے یورپی کمیشن اوریورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔خواجہ آصف نے کہا ہے ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی، یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی۔واضح رہے کہ یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر 30 جون 2020 کو پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازوں کو معطل کیا تھا تاہم حکومتی کاوشوں سے پابندی کو عارضی معطل کرتے ہوئے پی آئی اے کو 3 جولائی 2020 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ دریں اثناء سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا جو آرمی چیف ان کی مرضی کا ہو، انہیں اقتدار میں رکھے وہ پی ٹی آئی کا باپ ہوتا ہے‘ پی ٹی آئی والے ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے وطن فروشی کر رہے ہیں‘جب مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو مذاکرات صرف اسٹیبلشمنٹ سے! آرمی چیف کے آگے سجدہ ریز ہونے کو تیار ہو، پتہ نہیں کیا کیا کرنے کو تیار ہو جائو، پر جب بات نہ بنے تو پھردوبارہ 9 مئی کی کوشش اور امریکی غلامی منظور ہی منظور۔ انہوں نے کہا پاکستان کو دوہری شہریت ختم کر نی چاہیے، بیشتر ممالک نے یہ سہولت ختم کر دی ہے اور سمندر پار پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والوں کو اس کی قیمت ادا کرنی چاہیے‘ سیاست کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان آئیں آٹے دال کا بھا معلوم ہوجائے گا، سوشل میڈیا پہ جنگ نہ لڑیں آئیں پاکستان میں اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے قیمت ادا کریں۔