پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں‘ یورپی یونین نے ہمیشہ امن اور سفارتکاری کی حمایت کی، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز ہے:اسحاق ڈار
2026 کا اصل ہدف پاکستان یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل پر مبنی بنانا ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کی منتظر ہوں:کایا کالاس کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (آئی این پی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی نمائندہ کی ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان شراکت داری کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ یورپی یونین کی قیادت اور اعلی نمائندہ کی پاکستان کیساتھ مسلسل روابط قابل قدر ہیں،عالمی و علاقائی امور خصوصا پاک بھارت اور امریکا ایران تنازع پر قریبی رابطہ رہا۔بعد ازاں کایا کالاس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں،کایا کالاس کادورہ پاکستان یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے فروغ کاعکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے ہمیشہ امن اور سفارتکاری کی حمایت کی، یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے ، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔اس موقع پر یورپی یونین کی اعلی نمائندہ کایا کالاس نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات میں ثالثی پر پاکستان کا کردار انتہائی قابلِ ستائش ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران تنازع کے باعث پوری دنیا توانائی کے شدید بحران کا شکار ہے، موجودہ عالمی حالات میں مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے۔کایا کالاس نے دورہ پاکستان پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے اور اپنے عوام کے دفاع کا حق حاصل ہے، پاک بھارت کشیدگی کے سنگین نتائج برآمد ہوئے، جس سے صورتِ حال مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی تھی، یورپی یونین نے مسلسل دونوں ممالک پر تحمل اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔ان کا کہنا ہے کہ 2026 کا اصل ہدف پاکستان یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل پر مبنی بنانا ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی منتظر ہوں۔