برطانیہ نے 5سال بعد پاکستانی پروازوں پر پابندی ختم کر دی حکومت کی بڑی کامیابی ہے:خواجہ آصف

فیصلہ برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ نے پاکستان کی جانب سے کئے گئے اصلاحاتی اقدامات کے بعد کیا ‘ پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ کے لئے پروازیں چلانے کی باقاعدہ درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں:ترجمان برطانوی ہائی کمیشن
 الحمدللہ!پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے:شہبازشریف‘کوشش جاری ہے نیو یارک کی فلائٹ بھی شروع ہو، اگلا مرحلہ پی آئی اے کی نجکاری ہے:خواجہ آصف کی پریس کانفرنس

 اسلام آباد(آئی این پی )برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد فضائی پابندی ہٹانے کا باضابطہ اعلان کر دیا  ۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اصلاحاتی اقدامات کے بعد کیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا  اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی باقاعدہ درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔اس فیصلے کے بعد قومی ایئر لائن سمیت دیگر نجی ایئرلائنز کو ایک بار پھر برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے فضائی سروس کی بحالی کا موقع حاصل ہو گیا ہے‘ووزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی پاکستان کی فتح ہے۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر  اپنے بیان میں وزیراعظم نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ! پی آئی اے کی برطانوی فضائی حدود میں واپسی ہو چکی ہے۔برطانیہ کے لیے پاکستانی انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کے ساتھ پاکستان فاتح ٹھہرا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر کی جانب سے دئیے گئے غیر ذمے دارانہ اور تباہ کن بیان نے پاکستان کی ساکھ کو بے انتہا نقصان پہنچایا۔ وزیر کے بیان کی وجہ سے پی آئی اے پر یورپ اور برطانیہ میں 4 سال تک پابندی رہی۔شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی برطانیہ میں مقیم 15 لاکھ پاکستانیوں اور پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کو دوبارہ اکٹھا کر دے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی  دور میں  وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی ایئرلائن  (پی آئی اے )کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا،  غلام سرورکے جرائم میں بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک تھے،کوشش جاری ہے، یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندی کا خاتمہ شہباز شریف کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، نیو یارک کی فلائٹ بھی شروع ہو، اگلا مرحلہ پی آئی اے کی نجکاری ہے، جو بھی نجی گروپ اس ادارے کو سنبھالے گا، اسے ایک مکمل اور فعال ایئرلائن ملے گی۔انہوں نے کہا  سابق وزیر ہوا بازی کے اقدامات سے پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں لگی تھیں، غلام سرور خان نے اپنے ادارے کے خلاف جو جرم کیا وہ قومی جرم تھا، بانی پی ٹی آئی اور غلام سرور نے قومی ایئر لائن کو قبرستان بنایا۔انہوں نے کہا  کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) پر یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ تاریخی پابندی کا خاتمہ شہباز شریف کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، اور اس سنگِ میل کو عبور کرنا قومی وقار کی بحالی کی علامت ہے