ادارے نے اپنی کارروائیوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کر رکھا ہے:وفاقی محتسب کا ویبینار سے خطاب
لاہور(سلیمان اعوان ) محتسب اور محتسب کی طر ح کے دیگر ادارے قانون کی حکمرانی، شکایات کے ازالے اور گڈ گورننس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہار وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے گز شتہ روز وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں ''امبڈ سمین شپ اور عا لمی معیار کے تقاضے'' کے موضوع پر ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی جو کہ 47 رکنی ایشین امبڈ سمین ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر بھی ہیں، نے کہا یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ محتسب کے ادارے عوامی شکایات کے مفت اور جلد ازالے کے لیے ایک قابل اعتماد فورم کے طور پر سامنے آ ئے ہیں۔ انہوں نے کہا وفاقی محتسب پا کستان کے ادارے نے اپنی کارروائیوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کر رکھا ہے، جو اقوام متحدہ جنر ل اسمبلی کی متعدد قرار دادوں بشمول پیر س اور وینس اصول اور گز شتہ سال کی قرارداد میں موجود ہیں۔ نسٹ لاء سکول کے پرنسپل اور ڈین مسٹر جسٹس (ریٹائرڈ) ایم نواز واہلہ نے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے گڈگورننس اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے علاوہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ میں محتسب اور ثالثی اداروں کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔