محتسب ادارے قانون کی حکمرانی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں: اعجاز احمد قر یشی

 محتسب کے اداروں کے درمیان بہتر ین تجربات اور طر یق کا ر کے تبا دلے کی ضرورت ہے۔:وفاقی محتسب
   لاہور(خصوصی رپورٹر)   وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے  دنیا بھر میں کام کرنے والے محتسب کے ادارے گڈ گورننس، قانون کی حکمرانی اور موثر انتظامیہ کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ گز شتہ روز چین کے شہر نانجنگ میں ایشین امبڈ سمین ایسوسی ایشن(اے او اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 26ویں سالانہ اجلاس اور جنرل اسمبلی کے 18ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اعجاز احمد قر یشی، جو 47 رکنی ایشین امبڈ سمین ایسوسی ایشن(اے او اے) کے موجودہ صدر بھی ہیں، نے دنیا بھر میں محتسبین کے اداروں کے درمیان تجربات اور بہترین طریقوں کے زیادہ سے زیادہ اشتراک اور تبادلے پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ محتسب کے ادارے شکایات کا مفت اور فوری ازالہ کرنے اور ریاستی اداروں کی طرف سے موثر خدمات کی فراہمی کے نظام اور طریق کار کی اصلاح میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اے او اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پاکستان کے علاوہ آذربائیجان، چین، ہانگ کانگ، ایران، جاپان، کوریا، تتا رستان اور ترکی کے محتسب کے اداروں کے سربراہان شامل ہیں۔ اجلا س میں گز شتہ سال کے دوران ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں نیز رکن ممالک کی جانب سے محتسبین کی طرف سے قومی سطح پر کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں اے او اے سیکریٹریٹ کے اندر قائم ایسوسی ایشن کے ریسورس سینٹر میں سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا