ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے اپنے اعلیٰ افسر، بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق تنگسیری شدید زخمی حالت میں تھے اور انہیں ہلاک ہونے سے قبل طبی امداد فراہم کی گئی تھی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ 26 مارچ کو ایرانی بندر عباس شہر میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایرانی اعلیٰ افسران کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اس کارروائی کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قیادت کو کمزور کرنے کے مقصد سے کیا گیا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے تنگسیری کی شہادت کے بعد اپنے افسران کو چوکس رہنے اور دشمن کے ممکنہ مزید اقدامات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ علی رضا تنگسیری کی ہلاکت خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے اور ایران-اسرائیل تعلقات پر سنگین اثر ڈال سکتی ہے۔