ایران کے خلاف معمولی جارحیت کا جواب بھی تباہ کن ہوگا، پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر کی وارننگ

ایران کے خلاف معمولی جارحیت کا جواب بھی تباہ کن ہوگا، پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر کی وارننگ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا فوجی کارروائی کا جواب بھرپور، تباہ کن اور دردناک حملوں کی صورت میں دیا جائے گا۔

احمد واحدی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کو برداشت نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے خلاف معمولی نوعیت کی کارروائی بھی کی گئی تو اس کا جواب پوری شدت کے ساتھ دیا جائے گا۔ایرانی کمانڈر نے ممکنہ ردعمل کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق کو کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتائج بھگتنا پڑیں گے اور یہ نتائج اس کے لیے تباہ کن اور تکلیف دہ ثابت ہوں گے۔احمد واحدی نے یہ بیان جمعے کے روز تہران میں 110 نامعلوم شہدا کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق انہوں نے کہا کہ دشمن کو اپنی گزشتہ شکستوں سے سبق سیکھنا چاہیے، بصورتِ دیگر اسے مزید سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی جارحانہ اقدام کو معمولی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔