اسرائیلی حکام کا پاسداران انقلاب کی بحریہ کے سربراہ علی رضا تنگسیری کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی حکام کا پاسداران انقلاب کی بحریہ کے سربراہ علی رضا تنگسیری کو شہید کرنے کا دعویٰ

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نیوی کے کمانڈر علی رضا تنگسیری ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق حملہ ایرانی شہر بندر عباس میں ہوا، جہاں تنگسیری کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ علی رضا تنگسیری آبنائے ہرمز کی بندش کے منصوبے کے مرکزی ذمے دار سمجھے جاتے تھے، جس کی وجہ سے انہیں ایران کی فوجی اور سمندری حکمت عملی میں اہم مقام حاصل تھا۔تاہم ایران کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی اسرائیلی فوج نے سرکاری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملے کیے تھے، جس کے بعد خطے میں باقاعدہ کشیدگی اور تنازع شدت اختیار کر گیا۔ ایران نے اس کے جواب میں متعدد ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن میں خلیجی ممالک بھی متاثر ہوئے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران نے اب بھی آبنائے ہرمز پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے، جو عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے، اور کسی بھی طرح کی کشیدگی خطے اور عالمی مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور عالمی سطح پر ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ عسکری مقابلے پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔