وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان نثار کرنے والے ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان سی ایم ایچ راولپنڈی میں تین روز زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔
میجر عدنان گزشتہ دنوں بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شدید زخمی ہوگئے تھے۔ وہ تین دن تک سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج رہے مگر آج اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران میجر عدنان نے نہ صرف اپنے زخمی ساتھی کو اپنے جسم سے ڈھانپ کر محفوظ بنایا بلکہ 2 دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا۔ انہیں اس دوران چار گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوش میں آنے کے بعد سب سے پہلا سوال انہوں نے اپنے ساتھی کی خیریت کے بارے میں کیا، جس سے ان کی بہادری اور ایثار کی حقیقی جھلک سامنے آتی ہے۔شہادت کی اس عظیم خبر نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر شہری میجر عدنان کی قربانی اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔