ایران کے خلاف جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گے، پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر کی دھمکی

ایران کے خلاف جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گے، پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر کی دھمکی

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جبکہ ایرانی افواج کی جوابی کارروائی کسی مخصوص جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہوگی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے ایران کی میزائل صلاحیت اور مسلح افواج کی دفاعی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران میزائلوں، فضائی دفاع، ڈرونز اور بحری افواج کے شعبوں میں مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے میزائل ٹیکنالوجی اور دفاعی نظام کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے، جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی اور بحری قوت بھی ملک کے دفاعی نظام کے اہم ستون ہیں۔ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ دشمن کے زمینی اور سمندری اڈے بھی حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان اڈوں کے مقامات، حملوں کے وقت اور ممکنہ نقصانات کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کی صورت میں جواب دینے کے لیے ایرانی افواج کی صلاحیتیں پوری طرح فعال ہیں اور جوابی کارروائی کا دائرہ کسی جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہوگا۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔