مسیحی برادری 5اپریل اتوار کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی

جہانیاں(آن لائن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری 5اپریل اتوار کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی،اس دن کی مناسبت سے گر جا گھروں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی،جہانیاں سمیت ملک بھر کے گر جا گھروں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی 5اپریل اتوار کو اپنا تہوار ایسٹر مذہبی جوش و خروش سے منائیں گے۔ اس دن کی مناسبت سے مسیحی عبادتگاہوں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی جس میں ملک و قوم کی سلامتی کے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔جہانیاںسمیت ملک بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر تے ہوئے مسیحی عبادتگاہوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جسکے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیںگے جبکہ عبادت کیلئے آنے والوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے جبکہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اطراف میں پیٹرولنگ کریں گے۔ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے۔