مسیحی برادری نے ایسٹر کا تیوہار مذہبی جوش و خروش سے منایا ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

 گرجاگھروں میں ایسٹرکی عبادات، ملک و قوم کے استحکام اور امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا 
 صدرمملکت ، وزیراعظم شہباز شریف،وزیر داخلہاوروزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی پیغامات،مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے اتوار کوایسٹر کا تیوہار مذہبی جوش و خروش سے منایا ۔ طلوع آفتاب سے قبل مو م بتیاں روشن کرکے جلوس نکالے گئے، گرجاگھروں میں ایسٹرکی عبادات کی گئیں، جن میں ملک و قوم کے استحکام اور امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ۔ ایسٹر کے موقع پرگرجا گھروں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ اس موقع پر صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کئے ، مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے مثبت کردار کو لائق تحسین قرار دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا وہ مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات طیبہ اور تعلیمات کی یاددلاتاہے، رحمت، انکساری اور محبت آج بھی انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مسیحی پر امن، خوشحال اور متحد پاکستان کی تشکیل میں فعال کردار جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ایسٹر امید کی علامت ہے اور خوشیاں بانٹنے کا تیوہار ہے۔ محسن نقوی نے کہا مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا بل کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا مسیحی بہن بھائیوں کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، ایسٹر کا تیوہار خوشی اور امید کا استعارہ ہے، ایسٹر سمیت ہر تیوہار میں محبت و بھائی چارے کا پیغام پوشیدہ ہے۔