شادی 17 سال کی عمر میں ہوئی، 2 سال بعد طلاق ہو گئی: مریم مائیکل

شادی 17 سال کی عمر میں ہوئی، 2 سال بعد طلاق ہو گئی: مریم مائیکل

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مریم مائیکل نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک اہم اور جذباتی انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوئی تھی، جو بعد ازاں طلاق پر ختم ہو گئی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی اور جذباتی پیغام میں اپنی زندگی کے اس باب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی 17 سال کی عمر میں ہوئی تھی جبکہ صرف دو سال بعد یعنی 19 سال کی عمر میں ان کی طلاق ہو گئی۔ ان کے مطابق وہ اور ان کے سابق شریکِ حیات اس وقت کم عمر اور ذہنی طور پر شادی جیسے بڑے فیصلے کے لیے تیار نہیں تھے۔مریم مائیکل نے واضح کیا کہ ان کا مقصد یہ بات شیئر کرکے ہمدردی یا توجہ حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں طلاق سے جڑے منفی رویوں پر گفتگو کو معمول بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حقیقت کو چھپانا نہیں چاہتیں کیونکہ یہ ان کی زندگی کے تجربات کا حصہ ہے جنہوں نے انہیں آج کی شخصیت بنایا۔اپنے پیغام میں اداکارہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ طلاق کو اکثر بدنامی یا ناکامی سمجھا جاتا ہے، حالانکہ بعض صورتوں میں یہ صرف اس بات کا اعتراف ہوتی ہے کہ دو افراد ایک دوسرے کے لیے موزوں نہیں تھے۔ ان کے مطابق ایسے فیصلے بعض اوقات باہمی احترام کے ساتھ زندگی کو بہتر سمت دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طلاق کے بعد دونوں افراد نے اپنی زندگیوں میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اور ان کے درمیان آج کوئی تلخی یا تنازع موجود نہیں۔مریم مائیکل نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ انہیں اپنے ماضی پر کوئی شرمندگی نہیں بلکہ وہ اسے اپنی زندگی کی کہانی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق کسی انسان کی قدر و قیمت کا تعین نہیں کرتی اور نہ ہی اسے چھپانے یا معذرت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔